جنگ پاکستان:۳ دسمبر ۱۹۷۱ء

جنگ پاکستان:۳ دسمبر ۱۹۷۱ء

میجر شبیر شریف فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں تعینات تھے۔ ۳ دسمبر ۱۹۷۱ء کو جب وہ سلیمانکی ہیڈورکس کے قریب ایک کمپنی ۶ ایف ایف رجمنٹ کی قیا دت کررہے تھے انہیں سلیمانکی سیکٹر میں جرموکھ اور بیری والا گاؤں کی نگرانی کیلئے اونچے بند پر قبضہ کرنے کا مشن سونپاگیا۔ ان مقامات کی حفاظت آسام رجمنٹ کی ایک کمپنی سے زائد فوج کررہی تھی جسے ایک ٹینک اسکواڈرن کی پشت پناہی حاصل تھی۔

اپنے مقصد کے حصول کیلئے میجر شریف کو دشمن کی بارُودی سرنگوں اور ۳۰ فٹ چوڑی ۱۰ فٹ گہری دفاعی نہر سے گزرنا تھا یہ کام انہوںنے دشمن کے خودکار ہتھیاروں اور توپ خانے کی بھاری فائرنگ میں سرانجام دیا۔ کمپنی کی قیا دت کرتے ہوئے میجر شریف دشمن کے سامنے سے حملہ آور ہوئے اور خندقوں میں مورچہ بند دشمن کو باہر نکال دینے میں کا میاب ہوگئے۔ اس انتہائی اعلیٰ بشری کاروائی میں دشمن کے ۴۳ سپاہی مارے گئے، ۲۸ قیدی بنالئے گئے اور ۴ ٹینک تباہ ہوگئے۔ اگلے تین دن اور رات دشمن یکے بعد دیگرے جوابی حملے کرتا رہا جسے میجر شریف نے ناکام بنا دیا اور اونچے بند پر اپنی بہتر پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے دشمن کی دو بٹالین کو روکے رکھا۔ ۵ اور ۶ دسمبر کی درمیانی رات دشمن کے ایک حملے کے دوران میجر شریف نے اپنے مورچے سے باہر آکر دشمن کی ۴ جٹ رجمنٹ کے کمپنی کمانڈر کو قتل کرکے اس کے قبضے سے اہم دستاویزات حاصل کرلیں۔ ۶ دسمبر کی دوپہر دشمن کے نئے حملے کے دوران جب میجر شریف اپنے ساتھی سے اینٹی ٹینک گن لے کر دشمن ہتھیاروں پر فائرنگ کررہے تھے دشمن ٹینک کی براہ راست ضرب سے شہید ہوگئے۔ میجر شریف کو ۱۹۶۵ء میں ستا رہٴ جرأت دیا گیا تھا اور ۱۹۷۱ء میں نشان حیدر عطا کیا گیا۔